آرام دہ زندگی سے نکل کر کامیابی کی دنیا میں قدم

کامیابی ہمیشہ آسان راستوں پر نہیں ملتی۔ یہ وہ منزل ہے جس تک پہنچنے کے لیے انسان کو اپنی آرام دہ دنیا چھوڑنی پڑتی ہے۔ وہ دنیا جہاں سب کچھ محفوظ محسوس ہوتا ہے، جہاں رسک نہیں ہوتا، جہاں ناکامی کا ڈر نہیں ستاتا۔ لیکن سچ یہ ہے کہ اسی  کمفرٹ زون میں رہ کر انسان جمود کا شکار ہو جاتا ہے۔

اصل ترقی وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں خوف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جہاں ناکامی کا امکان ہوتا ہے، اور جہاں محنت کے دروازے کھلتے ہیں۔ دنیا کے ہر کامیاب شخص نے ایک وقت ایسا گزارا جب اُسے اپنی آرام دہ زندگی کو خیرباد کہنا پڑا۔ اگر وہ بھی آسانی کو چنتے رہتے تو شاید آج اُن کے نام تاریخ میں نہ ہوتے۔

سوچیے، ایک کسان اگر صرف زمین کو دیکھ کر بیٹھا رہے اور کبھی بیج نہ ڈالے تو کیا کبھی فصل اگ سکتی ہے؟ بالکل نہیں۔ اسی طرح اگر ہم اپنی زندگی میں رسک نہ لیں، نئے خواب نہ دیکھیں اور محنت کی کھیتی نہ کریں تو کامیابی کا پھل کیسے ملے گا؟

کامیابی کا سفر ہمیشہ خوف، تنقید اور مشکلات سے بھرا ہوتا ہے، لیکن انہی میں چھپے ہوتے ہیں وہ مواقع جو انسان کو بلندی تک لے جاتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ لوگ مشکلات دیکھ کر پیچھے ہٹ جاتے ہیں، اور کچھ لوگ اُنہیں سیڑھی بنا کر آگے بڑھتے ہیں۔

یاد رکھیے: کامیابی اُنہیں ملتی ہے جو اپنی آسانی قربان کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔

آغازِ سفر

میں نے صرف 24 سال کی عمر میں کاروبار کی دنیا میں قدم رکھا۔ یہ وہ عمر تھی جب اکثر نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرنے یا نوکری کے خواب دیکھنے میں مصروف ہوتے ہیں۔ مگر میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے اپنی زندگی کا راستہ مختلف بنانا ہے۔

راستہ ہرگز سیدھا نہیں تھا۔ سرمایہ بہت کم تھا، رکاوٹیں بے شمار تھیں، اور لوگ مذاق بھی اُڑاتے تھے۔ اکثر کہا جاتا تھا کہ “یہ کام تمہارے بس کا نہیں”۔ لیکن ایک چیز تھی جو کبھی نہیں ٹوٹی میرا حوصلہ۔ یہی حوصلہ مجھے آگے بڑھاتا رہا۔

ہمارے معاشرے کی ایک بڑی خامی یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ کاروبار آج شروع کریں اور کل سے منافع آنا شروع ہو جائے گا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی کاروبار اتنی جلدی پھل نہیں دیتا۔ صبر، وقت اور مستقل مزاجی ہی اصل سرمایہ ہیں۔ اکثر لوگ جلد گیو اپ کر دیتے ہیں اور باقی زندگی یہ سوچ کر گزار دیتے ہیں کہ “میرے پاس اتنا سرمایہ نہیں کہ میں کاروبار کر سکوں۔”

یاد رکھیے، کامیابی کا تعلق صرف سرمائے سے نہیں ہوتا بلکہ سوچ، وژن، اور محنت سے ہوتا ہے۔ اگر آپ کے پاس سرمایہ کم ہے تو یہ آپ کی رفتار کو سست کر سکتا ہے، لیکن یہ کبھی بھی کامیابی کی منزل کو آپ سے چھین نہیں سکتا۔

ایک عالمی مثال: جیک ما

دنیا کے مشہور بزنس مین جیک ما کی زندگی پر نظر ڈالیں۔ وہ چین کے ایک عام اسکول ٹیچر تھے، جن کی ماہانہ تنخواہ بہت کم تھی۔ انہوں نے بزنس شروع کرنے کا سوچا تو سرمایہ بھی نہ تھا اور انٹرنیٹ کے بارے میں علم بھی نہ ہونے کے برابر تھا۔ جب وہ سرمایہ کاروں کے پاس گئے تو سب نے انکار کیا اور مذاق اُڑایا۔

لیکن جیک ما نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے اپنے گھر کے ایک کمرے سے صرف 18 دوستوں کے ساتھ “علی بابا” کا آغاز کیا۔ کئی سال تک منافع نہ آیا، لیکن وہ ڈٹے رہے۔ مستقل مزاجی اور وژن نے آخرکار ان کے خواب کو حقیقت بنا دیا۔ آج علی بابا دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک ہے، اور جیک ما کا شمار دنیا کے کامیاب ترین بزنس مینوں میں ہوتا ہے۔

ایک پاکستانی مثال: ملک ریاض

پاکستان میں بھی کئی ایسی مثالیں موجود ہیں۔ ملک ریاض کو ہی دیکھ لیں۔ وہ ایک عام پس منظر سے تعلق رکھتے تھے اور زندگی کے شروع دنوں میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کیا۔ مگر انہوں نے حالات کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

انہوں نے تعمیرات کے شعبے میں قدم رکھا اور چھوٹے چھوٹے منصوبوں سے آغاز کیا۔ کئی بار مشکلات آئیں، سرمایہ کم پڑا، مگر اُنہوں نے مسلسل محنت جاری رکھی۔ آج بحریہ ٹاؤن صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔

سرمایہ یا قرضہ؟

جب کوئی شخص کاروبار شروع کرتا ہے تو سب سے پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ سرمایہ کہاں سے آئے گا؟ زیادہ تر لوگ صرف اپنے جمع شدہ پیسوں سے بزنس کا آغاز کرتے ہیں۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ سرمایہ زیادہ دیر نہیں چلتا۔ شروع کے چند مہینوں میں ہی سارا پیسہ اخراجات اور ابتدائی سیٹ اپ میں ختم ہو جاتا ہے اور کاروبار آگے نہیں بڑھ پاتا۔

ایسے وقت میں عموماً دو راستے سامنے آتے ہیں

اچھا پارٹنر تلاش کریں

ہمارے معاشرے میں ایک مشہور کہاوت ہے
“پارٹنرشپ بھائی کے ساتھ بھی اچھی نہیں چلتی۔”

لیکن میں اس بات کو درست نہیں مانتا۔ اگر پارٹنرشپ شفافیت، اعتماد اور صاف نیت کے ساتھ کی جائے تو یہ بوجھ کو آدھا اور ترقی کو دوگنا کر دیتی ہے۔ ایک ایسا ساتھی ڈھونڈیں جو نہ صرف مالی طور پر بلکہ ذہنی اور جذباتی طور پر بھی آپ کے ساتھ کھڑا ہو۔ کامیاب پارٹنرشپ میں دونوں فریق صرف سرمایہ ہی نہیں بلکہ اپنی مہارت، وقت اور محنت بھی بانٹتے ہیں۔

پارٹنرشپ کے چند بڑے فوائد یہ ہیں

سرمایہ زیادہ ہوتا ہے، جس سے بزنس کو بڑھانے کے مواقع بڑھتے ہیں۔

مختلف مہارتیں اور تجربے اکٹھے ہو کر بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

مشکل وقت میں آپ اکیلے نہیں بلکہ دو لوگ ہوتے ہیں جو مسئلے کو حل کرتے ہیں۔

بزنس کے دباؤ اور رسک کو بانٹنے سے ذہنی سکون ملتا ہے۔

یاد رکھیں، پارٹنرشپ تب ہی کامیاب ہوتی ہے جب دونوں ایک دوسرے پر مکمل اعتماد کریں۔ اگر اعتماد ٹوٹ جائے تو بہترین بزنس بھی زمین بوس ہو جاتا ہے۔

ایک حقیقی مثال: کریم کی پارٹنرشپ

پاکستان میں ایک شاندار مثال کریم کی ہے۔ یہ کمپنی مدثر شیخہ (پاکستانی نژاد) اور میگنس اولسن (سویڈن سے تعلق رکھنے والے بزنس مین) نے مل کر شروع کی۔

مگنس کے پاس ٹیکنالوجی اور پروڈکٹ کی مہارت تھی۔

مدثر کے پاس مارکیٹ کو سمجھنے اور اس کو چلانے کا وژن تھا۔

دونوں نے اپنی صلاحیتوں کو یکجا کیا اور محض چند سالوں میں کریم کو خطے کی سب سے بڑی رائیڈ ہیلنگ کمپنی بنا دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر یہ دونوں اکیلے اکیلے کام کرتے تو شاید اتنی کامیابی نہ ملتی، لیکن پارٹنرشپ نے ان کی طاقت کو کئی گنا بڑھا دیا۔

اوبر نے کریم کو 2019 میں 1۔3 بلین ڈالر میں خریدا، جو اس خطے کی سب سے بڑی ٹیک ڈیل سمجھی جاتی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ صحیح پارٹنر مل جائے تو خواب حقیقت میں بدل جاتے ہیں۔

 قرضہ لیں اور پورا وقت دیں

اگر آپ کو موزوں پارٹنر نہ ملے تو دوسرا راستہ یہ ہے کہ آپ قرض لیں اور کاروبار کو اپنی زندگی کا پورا وقت دیں۔ یہ سوچنا کہ “ایک مہینے میں سب مسائل حل ہو جائیں گے اور منافع آنے لگے گا” سب سے بڑی غلط فہمی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی کاروبار کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں کم از کم ایک سال لگتا ہے۔

اگر آپ کے اندر صبر اور حوصلہ ہے تو قرض کے ساتھ آغاز کرنا بہتر فیصلہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ یہ برداشت نہیں کر سکتے تو بہتر ہے کہ نوکری اختیار کریں، کیونکہ کاروبار صبر آزما کھیل ہے۔

میاں محمد منشاہ (نشاط گروپ)

پاکستان کے سب سے بڑے کاروباری گروپس میں سے ایک، نشاط گروپ، کے بانی میاں محمد منشاہ کی کہانی قرض اور جدوجہد کی ایک شاندار مثال ہے۔

میاں منشاہ کا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے تھا، لیکن ان کے والد کے انتقال کے بعد حالات بگڑ گئے۔ انہیں فیملی کے کاروبار کو سنبھالنے کے لیے بھاری قرض لینا پڑا۔ ابتدائی دنوں میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ کئی بار لگتا تھا کہ کاروبار ختم ہو جائے گا۔

لیکن میاں منشاہ نے ہمت نہ ہاری۔ انہوں نے قرض کے پیسے کو ضائع کرنے کے بجائے سمجھداری سے لگایا، کاروبار کو جدید انداز میں ڈھالا اور ایک کے بعد ایک صنعت میں سرمایہ کاری شروع کی۔

پہلے انہوں نے ٹیکسٹائل کا بزنس مضبوط کیا۔

پھر بینکنگ، سیمنٹ اور توانائی کے شعبے میں آئے۔

آج نشاط گروپ پاکستان کے سب سے بڑے بزنس ایمپائرز میں سے ایک ہے، جس کی مالیت اربوں ڈالر میں ہے۔

یہ مثال ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ قرض اگر حکمت اور وژن کے ساتھ استعمال کیا جائے تو بوجھ نہیں بلکہ ترقی کی سیڑھی بن جاتا ہے۔

کامیابی کا سفر اور سوچ کا فرق

کاروبار کی دنیا میں کامیابی ہمیشہ ان لوگوں کو ملتی ہے جو الگ سوچنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ مقابلے کی مارکیٹ میں بھیڑ کے پیچھے چلنا آسان ہے، لیکن اصل کمال وہاں ہے جہاں آپ دوسروں سے ہٹ کر راستہ نکالتے ہیں۔

اسی سوچ کو سمجھنے کے لیے مجھے ایک کہانی یاد آتی ہے۔

ایک دور دراز گاؤں تھا جہاں لوگوں کی سب سے بڑی مشکل پانی لانا تھی۔ ندی گاؤں سے کئی گھنٹے دور تھی اور گاؤں کے لوگ روز اپنے گھڑے بھرنے کے لیے طویل سفر کرتے۔ صبح نکلتے، شام تک لوٹتے اور دن کا بیشتر حصہ صرف پانی لانے میں ختم ہو جاتا۔

ایک دن گاؤں کے ایک آدمی نے سوچا کہ اگر میں دوسروں کے لیے پانی قریب کر دوں تو یہ بھی فائدہ کا کام ہوگا اور مجھے کمائی بھی ہو گی۔ اُس نے مزدور رکھے۔ ایک ندی سے پانی بھر کر کچھ فاصلے تک لاتا، دوسرا وہاں سے اُٹھاتا اور آگے لے جاتا، پھر تیسرا مزدور گاؤں تک پہنچا دیتا۔ یہ نیا نظام تھا، سہولت پیدا ہوئی، اور کاروبار چل نکلا۔

لیکن وقت کے ساتھ دوسرے لوگوں نے بھی یہی طریقہ اپنایا۔ اب ہر طرف پانی ڈھونے والے مزدور نظر آتے۔ مقابلہ بڑھ گیا، منافع کم ہوتا گیا۔ سب ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں تھے مگر نتیجہ یہ تھا کہ سب کا فائدہ گھٹ رہا تھا۔

اسی دوران گاؤں کا ایک اور نوجوان یہ سب دیکھ رہا تھا۔ اُس نے سوچا:
اگر میں بھی وہی کروں جو سب کر رہے ہیں، تو میرا انجام بھی وہی ہوگا۔ مجھے الگ راستہ نکالنا ہوگا۔

وہ کئی مہینوں تک منصوبہ بناتا رہا اور پھر اُس نے ایک نیا طریقہ متعارف کروایا۔ اُس نے ندی سے سیدھا گاؤں تک ایک پائپ لائن بچھا دی۔ اب پانی ہر وقت، بغیر انتظار کے، سب کے گھروں تک پہنچنے لگا۔ مزدوروں کی ضرورت نہ رہی، گاؤں والوں کی زندگی آسان ہو گئی، اور اُس نوجوان کا کاروبار پورے گاؤں پر چھا گیا۔

اس نے نہ قیمت کم کی، نہ پرانے اصول توڑے۔ صرف طریقہ بدلا۔ اور یہی اس کی کامیابی کا راز تھا۔

یہی اصول کاروبار پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ اگر آپ وہی کریں گے جو سب کر رہے ہیں تو آپ بھیڑ کا حصہ تو بن جائیں گے مگر نمایاں نہیں ہو پائیں گے۔ لیکن اگر آپ الگ سوچ اپناتے ہیں، تو مارکیٹ میں اپنی پہچان خود بخود بن جاتی ہے۔

کریم کی کہانی

پاکستان اور مشرقِ وسطیٰ میں ایک وقت تھا جب ٹیکسی پکڑنا ایک مشکل کام تھا۔ کبھی کرایے پر بحث، کبھی گاڑی نہ ملنا، اور کبھی اعتماد کا مسئلہ۔ سب کمپنیاں اور ڈرائیورز ایک ہی طرز پر کام کر رہے تھے یعنی پانی ڈھونے والے مزدوروں جیسا نظام۔

پھر کریم نے یہ سوچ بدلی۔ انہوں نے ٹیکسی کا وہی پرانا کام کیا لیکن طریقہ نیا اپنایا:

موبائل ایپ کے ذریعے آسان بکنگ۔

کرایہ پہلے سے معلوم ہونا۔

ڈرائیور اور سواری دونوں کا ریکارڈ محفوظ۔

کسٹمر سپورٹ اور سہولت کا نیا معیار۔

کریم نے نہ ٹیکسی سستی کی، نہ کوئی جادوئی نئی چیز متعارف کرائی۔ انہوں نے صرف پائپ لائن جیسا نیا نظام دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ چند سالوں میں کریم نے پورے خطے کی ٹیکسی انڈسٹری کو بدل دیا اور بعد میں Uber نے اسے اربوں ڈالر میں خرید لیا۔

ریڈ سی اور بلیو سی

یہی فرق ہے جسے بزنس کی زبان میں  ریڈ سی اور بلیو سی کہا جاتا ہے۔

 ریڈ سی وہ ہے جہاں سب ایک ہی جیسے کام کرتے ہیں، مقابلہ بڑھتا ہے، اور منافع گھٹتا جاتا ہے۔

 بلیو سی وہ ہے جہاں آپ نئی سوچ کے ساتھ مارکیٹ میں قدم رکھتے ہیں، اپنی الگ پہچان بناتے ہیں، اور دوسروں سے آگے نکل جاتے ہیں۔

کامیاب وہی ہوتے ہیں جو پانی ڈھونے والوں کی بھیڑ میں شامل نہیں ہوتے بلکہ پائپ لائن بچھانے کی ہمت کرتے ہیں۔

کامیابی کے اصول

کامیابی قسمت یا محض قسمت آزمانے سے نہیں ملتی، بلکہ کچھ بنیادی اصولوں پر عمل کر کے ہی پائی جاتی ہے۔ جو لوگ ان اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں، وہ وقت کے ساتھ نمایاں اور کامیاب ہو جاتے ہیں۔

صبح جلدی اٹھیں

ہمارے بزرگ کہا کرتے تھے کہ “رزق صبح کے وقت تقسیم ہوتا ہے۔ یہ صرف ایک کہاوت نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ جو لوگ صبح جلدی اٹھتے ہیں، وہ دن کے قیمتی گھنٹے ضائع نہیں کرتے۔ ان کے پاس زیادہ وقت ہوتا ہے کہ وہ منصوبہ بندی کریں، نیا سیکھیں اور اپنے خوابوں پر کام کریں۔

تحقیق بھی یہی کہتی ہے کہ صبح کا دماغ سب سے زیادہ تازہ اور کریئٹؤ ہوتا ہے۔ اسی وقت بہترین آئیڈیاز آتے ہیں اور فیصلے زیادہ مضبوط بنتے ہیں۔

 مثال کے طور پر: دنیا کے کامیاب ترین بزنس مین جیسے )ٹم کک ایپل کے سی ای او) اور (رچرڈ برینسن  ورژن گروپ)اپنی عادت بتاتے ہیں کہ وہ صبح سورج نکلنے سے پہلے اٹھتے ہیں اور دن کا آغاز ایکسَر سائز اور ریڈنگ سے کرتے ہیں۔ یہی عادت ان کی پروڈکٹیوٹی اور فوکس کو باقیوں سے آگے رکھتی ہے۔

ریسرچ کریں

زیادہ تر لوگ یہ دیکھ کر کاروبار شروع کرتے ہیں کہ “فلاں نے یہ بزنس کیا اور وہ کامیاب ہے، تو میں بھی کر لیتا ہوں”۔ لیکن یہ سوچ نقصان دہ ہے۔ یہ بالکل ایسے ہے جیسے آپ ایک بھرے بازار میں وہی دکان کھولیں جو پہلے سے درجنوں لوگ چلا رہے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ مقابلہ بڑھتا ہے، منافع کم ہوتا ہے اور ناکامی کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں۔

کامیاب بزنس مین ہمیشہ ریسرچ کرتے ہیں۔ وہ یہ دیکھتے ہیں کہ:

میرے علاقے میں لوگوں کی اصل ضرورت کیا ہے؟

کون سی جگہ ہے جسے کوئی پورا نہیں کر رہا؟

موجودہ کام کو کس نئے انداز میں بہتر بنایا جا سکتا ہے؟

مثال کے طور پر بائیکیا: پاکستان میں ایک عام مسئلہ پہچانا چھوٹے فاصلے پر لوگوں کو سستی اور تیز سواری نہیں ملتی تھی۔ انہوں نے موٹر سائیکل کو ٹرانسپورٹ کے طور پر متعارف کر کے ایک گیپ کو پورا کیا، اور آج وہ لاکھوں لوگوں کے روزمرہ کا حصہ ہیں۔

کامیابی کے تین سنہری اصول یہ ہیں:

صبح کے وقت کو ضائع نہ کریں، یہ آپ کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔

آنکھیں بند کر کے بھیڑ کا پیچھا نہ کریں، بلکہ تحقیق کریں اور اپنی پہچان بنائیں۔

محنت اور صبر کو زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ پائیدار کامیابی ہمیشہ وقت مانگتی ہے۔

کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ یہ صبح کی محنت، دن کی ریسرچ اور سالوں کی صبر آزما جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

اختتامیہ

کامیابی کا سفر کبھی سیدھا اور ہموار نہیں ہوتا۔ اس میں رکاوٹیں بھی آتی ہیں، مشکلات بھی، اور کبھی کبھی ہار مان لینے کا دل بھی چاہتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ اپنی آرام دہ زندگی سے باہر نکلنے کی ہمت کرتے ہیں، وہی آخرکار نئی دنیا بساتے ہیں۔

یاد رکھیں، کامیاب لوگ وہ نہیں جو سب کچھ رکھتے ہیں، بلکہ وہ ہیں جو تھوڑے میں بھی آغاز کر کے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جرات کرتے ہیں۔

میری دعا ہے کہ آپ بھی اپنی زندگی میں وہ پہلا قدم اٹھائیں، جو آپ کو اپنی منزل کے قریب لے جائے۔ چاہے وہ قدم کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، یہی آپ کے مستقبل کی سب سے بڑی کامیابی کی بنیاد ہوگا۔

اگر آپ کو یہ تحریر پسند آئی تو آنے والے دنوں میں اور بھی ایسے مضامین آپ کے ساتھ شیئر کروں گا جن میں زندگی اور کاروبار کی حقیقی کہانیاں اور کامیابی کے اصول ہوں گے۔

تحریر: نَجٗمٌ الثَّاقِبٗ

CEO & Owner      
Lexus Developers     

A

1 thought on “آرام دہ زندگی سے نکل کر کامیابی کی دنیا میں قدم”

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top